۔5 گھنٹے طویل مقابلے کے بعد نڈال فائنل میں

ملبورن ۔ 27 جنوری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال آسٹریلین اوپن کے تقریباً 5 گھنٹے طویل سیمی فائنل مقابلے میں بلغاریہ کے گریجار دیمترو کو 6-3، 5-7 ، 7-6 ، 6-7 اور 6-4 سے شکست دیتے ہوئے آسٹریلین اوپن 2017ء کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ دیمترو جنھوں نے اس ٹورنمنٹ میں انتہائی شاندار مظاہرہ کیاہے ، انھیں نڈال کے خلاف ایک سے زائد مرتبہ مقابلے میں کامیابی کے مواقع ملے تھے اور خاص کر پانچویں سیٹ میں بھی انھیں سبقت بنانے کا موقع ملا تھا لیکن نڈال نے پھر ایک مرتبہ آخری لمحہ تک ہار نہ ماننے کی اپنی خوبی دکھائی ۔ سرویس کے معاملے میں نوجوان دیمترو نے جہاں 20 ایسیس اسکور کئے وہیں نڈال 8 ایسیس کرنے میں کامیاب رہے ۔ تاہم دیمترو کو 16 بریک پوائنٹ ملے تھے جس میں وہ چار مرتبہ کامیاب ہوئے جبکہ نڈال نے 13 مواقع میں 5 مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ، جہاں اتوار کو ان کا مقابلہ راجر فیڈرر سے ہوگا ۔