۔38 میڈلس کے ساتھ امریکہ کا نیا عالمی ریکارڈ

بڈاپسٹ یکم اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی پیراک سیلب ڈریزل نے ورلڈ سوئمنگ چمپئن شپ میں 7 گولڈ میڈل جیت کر ہم وطن مائیکل فلپ کا ریکارڈ برابر کردیا۔ 20 سالہ ڈریزل نے ایک ہی ایونٹ کے دوران مختلف زمروں میں سونے کے 7 میڈلس اپنے نام کئے ہیں۔ڈریزل کے ساتھی میٹ گریورز نے کہا کہ ہم ایک اسٹار کو پیدا ہوتے دیکھ رہے ہیں۔ امریکہ نے ایک ہی ایونٹ میں 38 میڈلس جیت کر نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ امریکہ کی ہی للی کنگ نے پچاس میٹر، بریسٹ اسٹروک کا مقابلہ 19.40 سیکنڈ میں جیت کر نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ خواتین پیراکوں میں ایما میک کوئین ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ میں پہلی آسٹریلیائی خاتون ہیں جنہیں چھ میڈلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہو ا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ نے رواں برس 18 گولڈ سمیت 38 میڈلز جیتے ہیں جو دو سال قبل کازان میں ہونیوالے مقابلوں سے بہت بہتر ہے۔ کازان میں امریکہ نے صرف 8 گولڈ سمیت 23 میڈلس حاصل کئے تھے ۔