۔30 جنوری سے برت شروع کرنے انا ہزارے کی دھمکی

ممبئی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سماجی جہد کار انا ہزارے نے کہا ہے کہ انسداد رشوت ستانی سے متعلق لوک ھال کے عدم تقرر کی صورت میں وہ آئندہ سال 30 جنوری سے اپنے گاؤں میں بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) میں مملکتی وزیر جیتندر سنگھ کے نام اپنے مکتوب میں ہزارے نے این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مرکز میں لوک پال اور ریاستوں میں لوک آیکتوں کے تقرر سے گریز کے لئے غیرضروری بہانے بنارہی ہے۔ ہزارے نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے قبل ازیں کہا تھا کہ لوک پال کا تقرر نہیں کیا جاسکتا کیونکہ لوک سبھا میں کوئی اپوزیشن لیڈر ہی نہیں ہے جو لوک پال کے انتخاب کے عمل کا لازمی حصہ ہے۔ بعدازاں حکومت نے کہا کہ لوک پال کا انتخاب کرنے والی کمیٹی میں کوئی سرکردہ قانون داں نہیں ہے۔ ہزارے نے اس سال 23 مارچ کو دہلی کے رام لیلا میدان پر برت رکھا تھا لیکن بعد میں وزیراعظم کے دفتر کی طرف سے دیئے گئے تحریری تیقن پر احتجاج ختم کردیا تھا لیکن 2 اکتوبر تک لوک پال کے تقرر کیلئے مہلت دی تھی۔