۔27 لاکھ روپئے مالیتی گٹکھے کے تھیلے ضبط

ضلع ایس پی سی ششی دھر راجو کا پریس کانفرنس میں انکشاف

نرمل۔/16 جنوری، ( جلیل ازہر ) ضلع نرمل میں پولیس کی مسلسل چوکسی کے باوجود غیر قانونی گٹکھے کا کاروبار عروج پر ہے، آئے دن لاکھوں روپئے کا گٹکھا ضبط ہورہا ہے تاہم آج بہت بڑی مقدار میں پولیس کی چوکسی سے نرمل سے دس کیلو میٹر دور لکشمن چاندہ منڈل کے کنکا پور فاریسٹ چیک پوسٹ پر پولیس کی جانب سے تلاشی کے دوران ایک ویان میں ممنوع گٹکھا منتقل کیا جارہا تھا جس کو پولیس نے ضبط کرلیا۔ آج شام ضلع ایس پی مسٹر ششی دھر راجو نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی خصوصی پارٹیاں مسلسل غیر قانونی اشیاء کی منتقلی پر نظر رکھے ہوئے تھی کہ آج ایک ویان میں گٹکھا xxx برانڈ ایک ویان میں کرناٹک سے اس علاقہ میں منتقل کیا جارہا تھا جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ گاڑی کا نمبر AP13X6088 بتایا گیا ۔ ایک سو پچاس تھیلوں پر مشتمل گٹکھا جس کی مالیت 27 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے پولیس نے ضبط کرلیا ۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ گٹکھا غیر قانونی ہے اور اس سے نئی نسل تباہ ہورہی ہے۔ سماج کے ذمہ داروں کو چاہیئے کہ وہ پولیس سے تعاون کرتے ہوئے پولیس کو ایسے کاروبار کرنے والوں سے واقف کروائی تاکہ نسل نو کا بھی تحفظ ہوسکے اور اس برائے سے نوجوان بھی چھٹکارا پاسکیں۔ اس موقع پر ضلع ایس پی سی ششی دھر راجو کے علاوہ ایڈیشنل ایس پی مسٹر دکھشنا مورتی، ڈی ایس پی نرمل مسٹر رویندر ریڈی موجود تھے۔