۔24 گھنٹے میں حکومت گرائیں یا سیاست چھوڑیں:گنڈو رائو

بنگلورو، 26 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک کانگریس کے صدر دنیش گنڈو رائو نے بی جے پی لیڈر امیش کٹی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ 24گھنٹے میں ریاست کی کانگریس۔جنتا دل (ایس) اتحاد حکومت کو گراکر دکھائیںیا سیاست چھوڑدیں۔ گنڈورائو نے آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیش کٹی کے اس بیان پر سخت اعتراض کیا جس میں انہوں نے دعوی کیا ہے کہ کابینہ میں جگہ نہیں ملنے سے ناراض کانگریس کے پندرہ ممبران اسمبلی بی جے پی کے رابطہ میں ہیں اور اتحاد حکومت اگلے 24گھنٹے میں گر جائے گی۔انہوں نے کہا ‘‘ بی جے پی لیڈر مایوسی میں جھوٹے دعوے کررہے ہیں ۔اگر اتحاد ی حکومت کے گرانے کا دعوی غلط ثابت ہوتا ہے تومسٹر کٹی سیاست چھوڑ دیں گے ؟’’انہوں نے نئے وزیروں کی وزارت پر تعطل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا‘‘ اس معاملے پرکوئی غلط فہمی نہیں ہے۔
پارٹی جنرل سکریٹری اور ریاستی امور کے انچارج کے سی وینو گوپال نے اس معاملے پر پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور وزارتوں کی تقسیم کرنے میں شمالی کرناٹک کوترجیح دی جائے گی۔’’