۔17 اشیاء پر کسٹمس ڈیوٹی میں دوگنا اضافہ

موبائیل فونس، واشنگ مشین، ایرکنڈیشنرس کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان
نئی دہلی ۔ 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قدر میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ اب تو وزارت فینانس نے یہ اعلان کردیا ہیکہ مستقبل میں پٹرول اور ڈیزل پر مزید کسی قسم کی سبسیڈی نہیں دی جائے گی۔ حکومت تیل کی کمپنیوں کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیلئے دوباارہ ہدایت نہیں دے گی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہیکہ اگر حکومت تیل کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت نہیں دے گی تو پھر کیا وہ پٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر بالترتیب تقریباً 20 اور 22 روپئے جو اکسائز ڈیوٹی حاصل کرتی ہے اس میں کمی کرے گی؟ اہم بات یہ ہیکہ سبسیڈی دینے کی ہدایت نہ دینے سے متعلق حکومت کے اعلان کے بعد تیل مارکٹنگ کمپنیوں کے شرحیں یا حصص میں 19 فیصد تک کا اضافہ درج کیا گیا۔ ایک طرف عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ کہ مودی حکومتیں 17 اشیاء پر کسٹمس ڈیوٹی میں اضافہ کردیا ہے۔ جن اشیاء پر کسٹمس ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے ان میں اسمارٹ واچیس اور مواصلاتی آلات بھی شامل ہیں۔ ان اشیاء پر فی الوقت 10 فیصد اکسائز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے۔ اب اسے دوگنا کردیا گیا ہے۔ اس بارے میں حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہیکہ ڈالر کے مقابلہ روپئے کی قدر میں تیزی سے کمی آرہی ہے جس سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کی پابجائی کیلئے بعض اشیاء پر کسٹمس ڈیوٹی میں اضافہ ناگزیر ہوگیا تھا۔ ایک تا 17 ائیٹمس پر 12 اکٹوبر سے کسٹمس ڈیوٹی میں اضافہ پر عمل آوری کی جائے گی۔ حکومت نے صرف اسی اقدام پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ایمپورٹیڈ الیکٹرانک انٹرمیڈیٹ گڈس کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی۔ یہ اشیاء مواصلاتی آلات کی تیاری میں استعمال ہوتے ہیں۔ گذشتہ ماہ وزیرفینانس ارون جیٹلی نے واضح کردیا تھا کہ وزارت فینانس بعض اشیاء پر ایمپورٹ ڈیوٹی میں اضافہ کرے گی تاکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پر قابو پایا جائے اور اس سے ہونے والے مالی نقصانات کی پابجائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ 12 اکٹوبر تک ڈالر کے مقابل ہندوستانی کرنسی کو 7فیصد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ دوسری اطلاعات میں بتایا گیا ہیکہ کسٹمس ڈیوٹی میں اضافہ سے حکومت کو 4000 کروڑ کا فائدہ ہوگا اس کے علاوہ موبائیل فونس ان میں استعمال ہونے والا سازوسامان ایرکنڈیشنر، واشنگ مشین جیسی اشیاء مہنگی ہوجائیں گی۔