۔15 سالہ شپتھ 45 سرکردہ اتھلیٹس میں شامل

نئی دہلی ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ابھرتے ہوئے شوٹر 15 سالہ شپتھ بھردواج حکومت کی ٹارگٹ اولمپک پوڈیم (ٹاپ) اسکیم میں شامل ہونے والے پہلے ملک کے سب سے کم عمر اتھلیٹ بن گئے ہیں ۔ میرٹھ سے تعلق رکھنے والے شپتھ ملک کے ان 45 سرکردہ اتھلیٹس میں اولمپک میڈل یافتہ پی وی سندھو ، ششی ملک اور سائینا نہیوال کے ساتھ شامل ہیں جنہیں اس پرعزم اسکیم کے تحت منتخب کیا گیا ہے ۔ وزارت اسپورٹس و امور نوجوانان کی ٹاپ اسکیم ایلیٹ اتھیلیٹس نشاندہی کمیٹی نے جس کی قیادت سرکردہ شوٹر اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ابھینو بنڈرا کررہے ہیں بین الاقوامی معیارات کے مطابق کارکردگی کو ملحوظ رکھتے ہوئے ان اتھیلیٹس کو منتخب کی ہے ۔

دبئی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ڈے نائٹ ٹسٹ
کراچی ۔ /6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا نے دونوں ملکوں کے درمیان دبئی میں ہونے والی سیریز کے دوران پنک بال کے ساتھ ایک ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کھیلنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ دبئی میں پاکستان کا یہ دوسرا ڈے نائیٹ ٹسٹ میچ ہوگا جس نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف ایسا میچ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے کہا کہ ’’دونوں کرکٹ بورڈس دو ٹسٹ ، پانچ ونڈے انٹرنیشنلس اور تین ٹی ۔ 20 میچوں کی سیریز کو قطعیت دے رہے ہیں ۔ سری لنکا نے اوائل اکٹوبر کے بجائے اواخر ستمبر میں سیریز شروع کرنے کی خواہش کی تھی ‘‘ ۔ ذرائع نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ یہ سیریز کھیلنے کے بعد سری لنکا کی ٹیم ہندوستان روانہ ہوگی ۔
جس کے پیش نظر وہ ستمبر میں ہی یہ سیریز شروع کرنا چاہتے ہیں ۔