۔10 نمبر کی جرسی سبکدوش ہوچکی ؟

نئی دہلی۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر جنہوں نے اپنے طویل کریر کے دوران 10 نمبر کی جرسی زیب تن کیا تھا، لگتا ہے اب 10 نمبر کی جرسی مستقبل قریب میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے استعمال میں نہیں آئے گی۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی سچن تنڈولکر کو خراج تحسین اور ان کی عزت کے ضمن میں 10 نمبر کی جرسی زیب تن کرنے سے گریز کررہے ہیں، لیکن بورڈ کی جانب سے اس 10 نمبر کی جرسی کو سبکدوش کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ سچن تنڈولکر 2013ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہوگئے تھے جس کے بعد سے صرف ایک مرتبہ سری لنکا کے خلاف شردول ٹھاکر نے اپنے پہلے بین الاقوامی مقابلے میں 10 نمبر کی جرسی پہنی تھی لیکن سوشل میڈیا پر نوجوان کھلاڑی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد 26 سالہ فاسٹ بولر نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ علم نجوم کی بنیاد پر انہوں نے یہ 10 نمبر استعمال کیا تھا۔ بی سی سی آئی کے عہدیدار نے پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑیوں کا اپنا انفرادی فیصلہ ہوتا ہے کہ وہ کسی خاص نمبر کا استعمال نہیں کرنا چاہتے تو انتظامیہ ان پر زور زبردستی نہیں کرتا جبکہ آئی سی سی کی جانب سے بھی کوئی ایسا قاعدہ نہیں جس کے تحت کھلاڑیوں کو کسی خاص نمبر کے استعمال سے روکا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی نے ہنوز ایسا کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے کہ 10 نمبر کو سبکدوش کردیا جائے۔