ویلنیوس۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )لتھوانیا میں ایک 10 سالہ لڑکی نے اپنے پہلے ہی پروفیشنل فٹبال میچ میں کمال کردیا۔زیمینا لیکا ویکیوٹ کسی بھی سیکنڈ ڈویژن میچ میں گول کرنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی ہیں۔ انھیں میدان میں اترے ہوئے ابھی پانچ منٹ ہی ہوئے تھے کہ ایک پاس پر بڑی خوبصورتی سے گول کیپر ایگنی ریٹکیوکیٹو کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ویمنز فٹبال اکیڈمی کے منیجر سواجینس
نے کہاکہ زیمینا ہمارے ملک کی کم عمر ترین پروفیشنل فٹبالر بن گئی ہیں۔
ریبیر یو پر آٹھ ماہ کی پابندی
لندن۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہسپانوی ٹینس کھلاڑی سیموئیل ریبیریو نواراتے کو سٹہ اور بدعنوانی کے الزام میں ملوث پائے جانے کے بعد ان پر ٹینس انٹیگریٹی یونٹ (ٹی یو) نے ایک ہزار ڈالر جرمانے کیساتھ آٹھ ماہ کی پابندی عائد کردی ہے ۔ٹینس انٹیگریٹی یونٹ نے کہا کہ تحقیقات میں یہ واضح ہو گیا ہے کہ ٹینس کھلاڑی نے جنوری2013 سے مارچ کے درمیان ہوئے میچوں میں28 مرتبہ سٹے بازی کی تھی حالانکہ ان میں سے کوئی بھی میچ انہوں نے نہیں کھیلا تھا۔24 سالہ ہسپانوی کھلاڑی جولائی 2016 میں اپنے کیریئر میں723 ویں نمبر پر پہنچے تھے جو ان کی بہترین درجہ بندی ہے۔