حیدرآباد /26 مئی ( سیاست نیوز ) حیدرآباد و سائبرآباد پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد بشمول ایک کمسن ہلاک و دیگر شدید زخمی ہوگئے ۔ کارخانہ پولیس کے مطابق 25 سالہ رام بابو جو پیشہ سے چوکیدار تھا ۔ کارخانہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ وہ کل رات اپنے رشتہ دار کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر برقی پول سے ٹکرا گئی اور اس حادثہ میں دونوں شدید زخمی ہوگئے اور بابو آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ جبکہ اس کا رشتہ دار شدید زخمی بتایا گیا ہے ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 2 سالہ اے چرن جو منی کنڈہ علاقہ کے ساکن رمیش کا بیٹا تھا ۔ کل اپنے مکان کے قریب کھیل میں مصروف تھا کہ ایک کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ۔ اس کمسن کو فوری نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 30 سالہ روی جو آٹو ڈرائیور تھا کوکا پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ آج صبح آٹو الٹ جانے کے سبب وہ ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔