نئی دہلی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے 7 اپریل سے کسی بھی نوعیت کے اگزٹ پولس کی اشاعت اور نشریات پر پابندی عائد کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ سے لے کر آخری مرحلہ 12 مئی تک یہ پابندی برقرار رہے گی۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اگزٹ پول پر پابندی یا حد بندی آندھراپردیش، اڑیسہ، سکم اور اروناچل پردیش کے انتخابات کے لئے بھی قابل اطلاق ہوگی جہاں پر لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی انتخابات ہورہے ہیں۔ عوامی نمائندگان قانون کے تحت اپنے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اگزٹ پولس پر 7 اپریل صبح 7 بجے سے 12 مئی شام 6.30 بجے تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
مابعد انتخابات اتحاد پرامتناع کی درخواست مسترد
نئی دہلی ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو مابعد انتخابات اتحاد و مفاہمت سے روکنے کیلئے دائر کردہ مفاد عامہ کی ایک درخواست کو آج مسترد کردیااور کہا کہ وہ (عدالت) ایسا نہیں کرسکتی۔ چیف جسٹس پی ستھاسیوم کی قیادت میں ایک بنچ نے کہا کہ ’’کیا ہم سیاسی جماعتوں کو ہدایت کریں کہ وہ کسی ایک یا دوسرے گروپ میں شامل نہ ہوں؟