یہ غذائیں فریج سے دور رکھیں … !

کھانے پینے کی زیادہ تر چیزوں کو محفوظ رکھنے کیلئے عام طور پر بہتر یہی سمجھا جاتا ہے کہ انہیں فریج میں رکھ دیا جائے ۔ لہذا زیادہ تر خواتین مختلف غذاؤں کو سپرد فریج کر کے مطمئن ہوجاتی ہیں کہ اب یہ دنوں یا ہفتوں تک تازہ رہیں گی ۔ یہ ٹھیک ہے کہ بہت سی غذائیں ایسی ہیں جن کے لیبل پر درج ہوتا ہے کہ انہیں کھولنے کے بعد فریج میں رکھا جائے ۔

لیکن ضروری نہیں کہ ہر غذا کو فریج میں رکھنا اچھا ہو ۔ کیوں کہ بہت سی کھانے پینے کی چیزیں ایسی بھی ہیں جو فریج میں رکھے جانے کے بعد نہ صرف اپنا ذائقہ کھودیتی ہیں بلکہ ان کی غذائی افادیت اور کوالیٹی پر بھی اثر پڑتا ہے ۔ٹماٹروں کو بھی فریج میں رکھنے کے بجائے انہیں روم ٹمپریچر پر رکھا جائے تو یہ زیادہ دیر تک تازہ رہتے ہیں ۔ آلوؤں کو بھی فریج میں رکھنا مناسب نہیں کیوں کہ اس سے یہ نہ صرف اندر سے پلپلے ہوجاتے ہیں بلکہ ان کا ذائقہ بھی خراب ہوجاتا ہے لہذا آلوؤں کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے ہمیشہ خشک حالت میں کسی ہوا دار جگہ پر اسٹور کریں ۔زیادہ تر گھروں میں پیاز کو فریج میں نہیں رکھا جاتا بلکہ کسی ہوا دار سی باسکٹ میں اسٹور کیا جاتا ہے ۔ یہی طریقہ مناسب ہے کیوں کہ اگر آپ نے کبھی غلطی سے پیاز فریج میں رکھ دی تو نرم پڑنے کے ساتھ اس میں پھپھوندی بھی لگ سکتی ہے ۔