گال۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دو برس قبل یہاں میزبان ٹیم کے خلاف ہوئی شکست کا حساب برابر کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے یہاں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ کے چوتھے ہی دن 304 رنز کی کامیابی حاصل کی جس کو کپتان ویراٹ کوہلی نے ایک جامع کامیابی سے تعبیر کیا۔کوہلی نے تین مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کامیابی اور 1-0 کی سبقت کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2015ء میں ہمیں یہاں شکست ہوئی حالانکہ وہ میچ ہمیں جیتنا چاہئے تھا لیکن دو برس بعد اسی میدان پر کامیابی جامع رہی۔ ٹیم اس وقت تجربہ کار ہوچکی ہے اور بہتر کرکٹ کھیلنے پر میں کافی خوش ہوں۔ کوہلی نے بولروں کی کافی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسی وکٹ پر جہاں ان کیلئے حالات سازگار نہیں تھے، اس کے باوجود انہوں نے سخت محنت کرتے ہوئے نتیجہ حاصل کیا۔ کوہلی کے بموجب چونکہ وکٹ سے بولروں کیلئے مدد نہیں مل رہی تھی، لیکن ہمارے بولروں نے مواقع پیدا کئے، اس لئے یہ کامیابی ہمارے لئے خاص رہی۔ میان آف دی میچ حاصل کرنے والے اوپنر شکھر دھون نے کہا کہ اوپنر کیلئے ٹیم میں موجود مسابقت نے انہیں مزید محنت کرنے کیلئے راہ ہموار کی۔
فلینڈربیماری کے باعث ہسپتال منتقل
لندن۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )جنوبی افریقی فاسٹ بولر ورنان فلینڈر انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے دوران بیمار ہوکر ہسپتال پہنچ گئے۔ ان کے پیٹ میں تکلیف تھی اگرچہ انہوں نے میچ کے پہلے دن بارہ اوورز میں سترہ رنز دے کر دو وکٹیں لیں لیکن دوسرے دن وہ پہلے سیشن میں صرف پانچ اوورز کر سکے۔ ٹیم ترجمان نے کہا ہے کہ ہسپتال میں فلینڈر کے چند ٹسٹ کئے گئے اور ان کی بیماری ابتدائی سوچ سے زیادہ سنجیدہ پائی گئی۔