ہبرون 29 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی کنارہ میں آج اسرائیلیوں پر چاقو سے حملوں کے تازہ واقعات پیش آئے جن میں ایک اسرائیلی سپاہی معمولی زخمی ہوگیا جبکہ سکیوریٹی فورسیس نے دو فلسطینی حملہ آوروں کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ پولیس اور فوج نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک واقعہ میں ایک فلسطینی نے ایک اسرائیلی بارڈر گارڈ کو چاقو مار کر معمولی زخمی کردیا جبکہ سکیوریٹی فورسیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ پولیس ترجمان مکی روسن فیلڈ نے توثیق کی کہ حملہ آور کی عمر 24 سال تھی اور وہ ہلاک ہوگیا ۔ اس سے کچھ قبل فورسیس نے ہبرون میں چاقو زنی کی امکانی واردات کو ناکام بنادیا ۔ یہاں فلسطینی حملہ آور نے سپاہی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی ۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہاں بھی حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ہے ۔