نئی دہلی 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یوگا ڈے تقاریب پر ہوئے تنازعہ کے چند ماہ بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ لفظ ’ اوم ‘ کہنے سے بھی اس ملک میں تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے جہاں نظریات کے معاملہ میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔ مودی نے تلسی داس کی رام چرتر مانس کے ڈیجیٹل ورژن کی اجرائی انجام دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ خود رام چرتر مانس پر بھی تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے حالانکہ اب تک ایسا نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہمارے دیش میں کئی اتار چڑھاؤ ہیں ۔ نظریاتی مسائل پر بھی اتار چڑھاؤ ہیں۔ آج اگر کوئی ’ اوم ‘ بول دے تو ہفتے بھر تنازعل چلتا ہے کہ اوم کیسے بولا جاسکتا ہے ‘‘ ۔ مودی نے حالانکہ اس ریمارک کی وضاحت نہیں کی لیکن 21 جون کو یوگا ڈے تقاریب کے سلسلہ میں تنازعہ پیدا ہوگیا تھا کیونکہ کئی مسلم قائدین نے کہا تھا کہ وہ یوگا میں حصہ نہیں لے سکتے کیونکہ اس میں اوم کہنا پڑتا ہے جو ہندو ازم سے متعلق ہے ۔