یکساں سیول کوڈ کے خلاف آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس

6اگسٹ کو مجلس استقبالیہ کا اجلاس، ملک گیر سطح سے علماء کرام کی شرکت
حیدرآباد۔/31جولائی، ( پریس نوٹ ) جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کے بموجب یکساں سیول کوڈ کے خلاف شریعت محمدی ؐ کے تحفظ کیلئے حیدرآباد میں عظیم الشان آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس کا انعقاد مشائخین، علمائے کرام، تمام مسلم جماعتوں، اداروں، انجمنوں، دانشوروں پر مشتمل 200رکنی مجلس استقبالیہ تشکیل دی جارہی ہے جس کا اجلاس 6اگسٹ بروز ہفتہ صبح 10:30 بجے ملک پیٹ شملہ گارڈن نلگنڈہ چوراہا پر منعقد ہوگا۔ مجلس استقبالیہ میں کریم نگر، میدک ، ورنگل، محبوب نگر، رنگاریڈی، عادل آباد، کرناٹک سے بیدر، ہمناآباد، بسواکلیان، چٹگوپہ، گلبرگہ، رائچور کے علماء و مسلم سرکردہ اصحاب شرکت کریں گے۔ جناب محمد مشتاق ملک نے بتایا کہ مشائخین عظام، علمائے کرام ، ڈاکٹرس ، وکلاء اور مختلف اداروں اور انجمنوںکے سرکردہ اصحاب نے کانفرنس کا پرجوش خیرمقدم کیا ہے اور ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں شریعت کانفرنس کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ ملک بھر سے خانقاہوں، درگاہوں کے سجادگان و مشائخین کے علاوہ دیوبند، بریلی، اہلسنت، جماعت اسلامی، جمعیتہ العلماء ہند، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اکابرین کے علاوہ سپریم کورٹ اور ملک کی مختلف ہائیکورٹ کے مسلم وکلاء، دانشور حضرات اس کانفرنس میں مدعو رہیں گے۔ علمائے کرام و مشائخین عظام اور دانشوران ملت پر مشتمل 200رکنی مجلس استقبالیہ اس کانفرنس کے کامیاب انصرام کی حکمت عملی اور قراردادوں پر غور کرے گی۔ اس کے علاوہ تحفظ شریعت مہم کی وسعت اور مسلمانوں کو شریعت کے قوانین سے آگاہ کرنے کی ایک بڑی مہم کے خدوخال بھی مجلس استقبالیہ کی کور کمیٹیوں میں موضوع بحث رہیں گے۔ فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں کے شرعی قوانین کے بجائے نیا قانون جو ہندو قانون ہی ہوگا لانا چاہتی ہیں۔ مسلمان شریعت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی جدوجہد کیلئے تیارہے۔ شہر حیدرآباد میں آل انڈیا تحفظ شریعت کانفرنس اس جدجہدو کا نقطہ آغاز ہے۔