یچوری کیخلاف غداری کا مقدمہ ،سی پی آئی ایم کی تنقید

نئی دہلی ۔ 29 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم نے آج غداری کا ایک مقدمہ پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری اور دیگر اپوزیشن قائدین کے خلاف جے این یو کے تنازعہ کے سلسلہ میں درج کرنے پر فکرمندی ظاہر کی اور کہا کہ غداری کا الزام بلارکاوٹ ہر ایک کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے جس پر پارٹی فکرمند ہے۔ سی پی آئی ایم کی پولیٹ بیورو نے غداری کے الزام میں یچوری اور دیگر اپوزیشن قائدین کو نامزد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کروانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اس انداز پر تنقید کی ہے جس میں غداری کے الزام کو استعمال کیا جارہا ہے۔ بعض لوگ قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 124A (ملک و قوم سے غداری) کو قانون سے حذف کرنے کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔ وکیل جناردھن گوڑ کی شکایت پر راہول گاندھی، سیتارام یچوری، آنند شرما، اجئے ماکن، اروند کجریوال اور کے سی تیاگی اور دیگر کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔