یو پی کا گورنر بنانا مودی اور راج ناتھ سنگھ کی فراخ دلی کا ثبوت: قریشی

لکھنؤ۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش کے نئے گورنر عزیز قریشی نے انہیں گورنر بنائے جانے کا سہرہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے سر باندھا۔ گورنر کے جلیل القدر عہدہ کا حلف لینے اور ندوۃ العلماء کے علمائے دین سے ملاقات کے ایک روز بعد انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اتر ا کھنڈ کے گورنر کے علاوہ اتر پردیش کے گورنر کی زائد ذمہ داری انہیں تفویض کرنا

اس بات کی علامت ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو ان پر ( قریشی ) کتنا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی قائدین نے ان کے تئیں جس اعتماد اور فراخدلی کا اظہار کیا ہے ، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ لہذا میں اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے دونوں قائدین کی توقعات پر پورا اُترنے کی کوشش کروں گا۔ یاد رہے کہ بی ایل جوشی کے استعفی کے بعد عزیز قریشی کو گورنر یو پی کے عہدہ کا حلف چیف جسٹس آف الہ آباد ہائی کورٹ دھننجے چندرا چوڈ نے راج بھون میں ایک سادہ سی تقریب کے دوران دلایا۔