یو پی کابینہ سے راج بہرکو ہٹا دینے وی ایچ پی کا مطالبہ

راج بہر پر یوگی حکومت کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کا الزام ،شرد شرما کا بیان
لکھنو۔22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) رام مندر کے مسئلہ کو گھسیٹنے اور ایودھیا کے پنڈتوں کے خلاف شدید ریمارک کرنے پر ایس بی ایس پی لیڈر اوم پرکاش راج بہر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وی ایچ پی نے انہیں یو پی کابینہ سے ریاستی وزیر ہٹا دینے کامطالبہ کیا ۔ راج بہر نے رام مندر کے مسئلہ پر اظہار خیال کیا تھا کہ یہ مسئلہ ایودھیا کے پنڈتوں کی روٹی روزی کا معاملہ ہے ۔ وی ایچ پی کے میڈیا انچارج شرد شرما نے کہا کہ رام مندر تعمیر کی جائے گی اور راج بہر جیسے لوگ اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کریں گے ، لیکن ہنومان جیسے رام بھگتوں کی جانب سے رام مندر کی حفاظت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ راج بہر نے شری رام جنم بھومی مندر کی تعمیر پر اور ایودھیا کے پنڈتوں کے تعلق سے توہین آمیز ریمارک کرتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ایسی حرکتوں کو ہم کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے راج بہر پر الزام عائد کیاکہ وہ یو پی کابینہ میں رہتے ہوئے یوگی حکومت کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں ۔ لہذا انہیں کابینہ سے برطرف کیا جانا چاہیئے ۔ راج بہر جو سہیلدیو بھارتیہ سماج پارٹی کی قیادت کررہے ہیں اور یہ پارٹی اتر پردیش میں بی جے پی کی حلیف ہے نے کہا تھا کہ رام مندر کا مسئلہ پنڈتوں اور پجاریوں کا روٹی روٹی کا معاملہ ہے جب تک یہ مسئلہ برقرار رہے گا ان پنڈتوں اور پجاریوں کا روزگار چلتا رہے گا ۔ ایودھیا میں رام مندر کے مسئلہ سے ہٹ کر ان کیلئے کوئی روزگار کا ذریعہ نہیں ہے ۔ یہ پنڈت اور پجاری زراعت میں مصروف نہیں ہیں اور نہ ہی ان کی کوئی دوسری مصروفیات ہیں ۔ وہ لوگ اپنی روزمرہ زندگی کس طرح گذار سکیں گے اس لئے رام مندر کا مسئلہ ہی ان کی روٹی روزی ہے ۔ الہ آباد میں راج بہر کی جانب سے کئے گئے ریمارک کا حوالہ دیتے ہوئے وی ایچ پی ترجمان نے کہا کہ وہ حکومت میں رہتے ہوئے بھی پنڈتوں کی قیاد ت کررہے ہیں اور اس کے ساتھ ان کے خلاف تبصرے بھی کرتے جارہے ہیں جس سے ان کی حقیر سوچ کا اندازہ ہوتا ہے اور وہ بے شرمی کی حد پارکرچکے ہیں ۔