لکھنو 27 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج اس بات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا ان کی پارٹی اتر پردیش اسمبلی کے مجوزہ انتخابات میں کسی وزارت اعلی امیدوار کو پیش کریگی ۔ انہوں نے تاہم یہ اعتراف کیا کہ ریاست میں انتخابات اہمیت کے حامل ہیں۔ یہاںایک تقریب کے دوران انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزارت اعلی امیدوار کے تعلق سے پارٹی فیصلہ کریگی ۔ انہوں نے قبول کیا کہ اتر پردیش اسمبلی کیلئے انتخابات اپنی جگہ سیاسی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ دہلی کیلئے راستہ لکھنو سے ہوکر جاتا ہے ۔ یہ سب سے بڑی اور سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور ثقافتی اہمیت کے علاوہ اتر پردیش کی ترقی کے معاملہ میں بھی اپنی اہمیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو تیقن دینا چاہتے ہیں کہ ان کی پارٹی ریاست کو ترقی کی راہ پر لیجائیگی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ مرکز میں 2014 میں نریندر مودی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے اس نے تین شعبہ جات کو اپنی فہرست میں شامل کیا ہے ۔ پہلا گاوںں ہیں جہاں 18,000 گاووں میں برقی نہیں تھی ۔ ہم نے یہاں برقی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم نے مدرا یوجنا اور جن دھن یوجنا بھی شروع کی ہے ۔