ملائم سنگھ کا حلقہ لوک سبھا اعظم گڑھ مرکز توجہ ۔ 49 اسمبلی سیٹوں کیلئے 4 مارچ کو پولنگ
لکھنو ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی اترپردیش کے سات اضلاع کی 49 اسمبلی نشستوں میں جہاں 4 مارچ کو چھٹے مرحلے میں رائے دہی ہونے والی ہے، انتخابی مہم کل جمعرات کو اختتام پذیر ہوگی جبکہ سرپرست ایس پی ملائم سنگھ یادو کا اعظم گڑھ لوک سبھا حلقہ مرکز توجہ ہوگا۔ مبصرین کی توجہ گورکھپور (شعلہ بیان بی جے پی لیڈر یوگی ادتیہ ناتھ کا لوک سبھا حلقہ) اور مئو پر بھی رہے گی، جہاں سے جیل میں قید گینگسٹر سے ایم ایل اے بنے مختار انصاری انتخابی میدان میں ہیں۔ یہ مرحلہ جو سات مرحلہ کے انتخابی عمل کا دوسرا آخری ہے، نیپال کی سرحد سے متصل بعض اضلاع کا احاطہ بھی کرے گا۔ تقریباً 1.72 کروڑ رائے دہندے بشمول 94.60 مرد اور 77.84 لاکھ خواتین 635 امیدواروں کی انتخابی قسمت طے کرنے کے اہل ہیں۔ چھٹے مرحلے کی پولنگ والے اضلاع مئو، مہاراج گنج، خوشی نگر، گورکھپور، دیوریا، اعظم گڑھ اور بلیا ہیں۔ اعظم گڑھ میں 10 اسمبلی نشستیں ہیں، جن میں سے ایس پی نے 2012ء میں 9 جیتے تھے، لیکن اس مرتبہ ملائم نے اپنے پارلیمانی حلقہ میں ایک بھی جلسہ سے خطاب نہیں کیا ہے۔ علاوہ ازیں ادتیہ ناتھ، لوک سبھا میں دیوریا کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزیر کلراج مشرا کا وقار بھی داؤ پر رہے گا۔ اس مرحلے کے چند نمایاں امیدوار یوں ہیں: بی ایس پی غدار سوامی پرساد موریا (حلقہ پڈراؤنا، خوشی نگر)، سابق ریاستی صدر بی جے پی سوریہ پرتاپ شاہی (پتھردیوا، دیوریا)، شیام بہادر یادو (ایس پی) فرزند سابق گورنر رام نریش یادو (فولپور پوائی، اعظم گڑھ)، ایس پی کے غدار امبیکا چودھری اور نرائے رائے جو بی ایس پی ٹکٹ پر فیفنا (بلیا) اور بلیا صدر سے چناؤ لڑرہے ہیں۔ جہاں مختار مئو سے چناؤ لڑرہا ہے، وہیں اس کا فرزند عباس ضلع مئو میں ہی پڑوسی نشست گھوسی سے انتخابی میدان میں ہے۔ 2012ء کے اسمبلی چناؤ میں یہ 49 سیٹوں میں سے 27 ایس پی نے جیتے تھے، 9 بی ایس پی، 4 کانگریس اور 2 دیگر نے حاصل کئے تھے۔ اس مرحلے میں 17,926 پولنگ بوتھس ہوں گے۔ سب سے زیادہ تعداد میں امیدوار گورکھپور (23 ) میں ہیں اور سب سے کم 7 امیدوار ضلع مئو میں محمدآباد گوہنا نشست کیلئے ہیں۔