نئی دہلی ۔ /23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں نریندر مودی کی لہر جاری ہے ۔ لوک نیتی ۔ آئی بی این نیشنل ٹریکر پول سروے میں یہ انکشاف کیا گیا ۔ اترپردیش میں سب سے زائد 80 لوک سبھا نشستیں ہیں اور مرکز میں تشکیل حکومت میں اس ریاست کا کافی اہم رول ہوا کرتا ہے ۔ سروے میںموجودہ رجحان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بی جے پی کو اترپردیش میں 41 تا 49 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔ بہوجن سماج پارٹی 10 تا 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے جبکہ سماج وادی پارٹی کو 8 تا 14 اور کانگریس کو 4 تا 10 نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔ دیگر سیاسی جماعتوں کی 2 تا 6 نشستوں پر کامیابی متوقع ہے ۔
لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی ۔ ایم ڈی ایم کے اتحاد
چینائی 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور ایم ڈی ایم کے نے آج سرکاری طور پر آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے اپنے اتحاد کا اعلان کردیا۔ جبکہ ایم ڈی ایم کے مزید 2 دیگر علاقائی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔ اِس اعلان کے ساتھ بی جے پی ۔ ایم ڈی ایم کے اتحاد عملی اعتبار سے علاقائی بڑی پارٹیوں انا ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے کیخلاف لوک سبھا انتخابات کے لئے تیسرے محاذ کے طور پر اُبھر آیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رادھا کرشنن اور ایم ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری وائیکو نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ اتحاد کامیابی حاصل کرنے والا اتحاد ہے اور ریاست کو ایک نئی سیاسی جہت عطا کرے گا۔ 1998 ء سے بی جے پی ۔ ایم ڈی ایم کے تعلقات خوشگوار رہے ہیں۔ اب اِنھیں سرکاری شکل دی جارہی ہے۔