یو پی میں مجھے موت کا ڈر:امرسنگھ

واراناسی ۔ /22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ امرسنگھ نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر اکھلیش یادو کے ایک حامی نے انہیں کھلے طور پر موت کی دھمکی دی ہے ۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اترپردیش میں انہیں ہلاک کردیا جاسکتا ہے ۔ امرسنگھ نے جنہیں سماج وادی پارٹی سے برطرف کردیا گیا کہا کہ اکھلیش کے حامی نے انہیں کھلی دھمکی دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر ایس پی لیڈر رام گوپال یادو انہیں نشانہ بناسکتے ہیں ۔ امرسنگھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ہوں رام گوپال کے ٹارگٹ پے ، وہ کھلے عام میری موت کی دھمکی دے رہے ہیں کہ میں یو پی سے بحفاظت واپس نہیں جاؤنگا ‘‘۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی میں اختلافات بھڑکانے کے دعوؤں کی بھی تردید کی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملائم سنگھ یادو کو پارٹی عہدہ سے کس نے ہٹایا ؟ باپ اور بیٹے کی لڑائی کے درمیان میں کہاں تھا ؟