امیتھی5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) یوم ساتذہ کے موقع کا یوپی کی سماجوادی پارٹی حکومت پر تنقید کیلئے فائدہ اٹھاتے ہوئے راہول گاندھی نے آج کہا کہ انہوں نے ریاست میں ابتدائی تعلیم کا ’’انتہائی ناقص معیار‘‘دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معیار میں بہتری پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کیلئے ہر ایک کو مل جل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ نائب صدر کانگریس نے اے ایچ انٹر کالج مسافر خانہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ بعض اساتذہ جو تقریب میں شریک تھے کہا کہ راہول گاندھی نے نوٹ کیا ہے کہ یو پی میں ابتدائی تعلیم کا معیار انتہائی ناقص ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بنیاد بہت کمزور ہے اور تعلیم کے شعبہ میں ترقی ضروری ہے جو ہنوز حاصل نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ بچے سماج کا مستقبل ہے ۔ سماج اور ملک کا مستقبل اور ترقی اُن پر ہی منحصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اساتذہ ڈاکٹر یا انجینئر تیار نہیں کرتے بلکہ اچھے انسان بناتے ہیں ۔ انہوں نے گرو ۔ ششیہ روایت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ سماج کے مشعل بردار ہیں وہ کبھی سبکدوش نہیں ہوتے بلکہ زندگی بھر خدمت جاری رکھتے ہیں۔ راہول گاندھی نے اپنی حلقہ انتخاب کے 34 اساتذہ کی تہنیت کی۔ انہیں شالیں اڑھائی اور یادگاری تحفہ پیش کئے ۔ قبل ازیں بھارتیہ کسان یونین کی مقامی شاخ نے برقی سربراہی کی ناقص صورتحال پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور منشی گنج گیسٹ ہاوز پر نعرہ بازی کی ۔