یو پی اے کو ترقیاتی کاموں کا ثمر نہیں ملا : آزاد

بھوبنیشور 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ یو پی اے حکومت نے گزشتہ دس سالوں کے دوران ملک کی ریاستوں کے لئے جو ترقیاتی کام انجام دیئے۔ ریاستوں نے اُس کا سہرہ کبھی بھی یو پی اے حکومت کے سر باندھنے کی ضرورت نہیں سمجھی۔ بھوبنیشور میں ایمس کی افتتاحی تقریب کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ یہ ایک بدبختانہ بات ہے کہ یو پی اے ۔ I اور II کی دو میعادوں کے دوران جو بھی ترقیاتی کام کئے گئے ریاستیں اُس کیلئے یو پی اے حکومت کو ذمہ دار نہیں سمجھتیں۔

جیہ للیتا حکومت میں خوشحالی اور ترقی کا فقدان : اسٹالن
دھرما پوری 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے خازن ایم کے اسٹالن نے آج اے آئی اے ڈی ایم کے سربراہ و چیف منسٹر جیہ للیتا پر الزام عائد کیاکہ اُنھوں نے الیکشن کمیشن کے اعلامیہ سے قبل ہی اپنی پارٹی کے امیدواروں اور انتخابی مہمات کے پروگرامس کا اعلان صرف اس لئے کیا ہے تاکہ اُن کے خلاف بنگلور کی خصوصی عدالت میں غیر محسوب اثاثہ جات کا جو کیس زیرسماعت ہے، وہ (جیہ للیتا) عدالت کے سامنے حاضری سے مستثنیٰ ہوسکیں۔ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے دوران اپنے خطاب میں اسٹالن نے کہاکہ جیہ للیتا نے پارٹی امیدواروں اور انتخابی مہمات کا جس عجلت سے اعلان کیا ہے اُس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ جیہ للیتا اُن کے خلاف چل رہے مقدمہ میں عدالت میں حاضر ہونے سے بچنا چاہتی ہیں۔ سیاسی مفاہمت کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسٹالن نے کہاکہ اُن کی پارٹی اداکار سیاستداں وجئے کانت کی ڈی ایم ڈی کے یا کانگریس سے کوئی مفاہمت نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے ایک بار پھر جیہ للیتا حکومت کو ایک 24 سالہ سافٹ ویر انجینئر کے قتل معاملہ میں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ جیہ للیتا نے جب سے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے ریاست میں خوشحالی اور ترقی کی رفتار ٹھپ پڑگئی ہے۔