یو پی اے حکومت میں فیصلہ کن قیادت کا فقدان تھا: این ایس سی این

نئی دہلی ۔ 7 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ناگا باغی گروپ NSCN (IM) نے سابقہ منموہن سنگھ حکومت ناگالینڈ میں شورش پسندی کے مسائل سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں فیصلہ کن قیادت کا فقدان تھا ۔ این ایس سی این (آئی ا یم ) صدرنشین اسحق چیشی سو اور جنرل سکریٹری تھنگا لینگ موئیواہ نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ان کے صبر و تحمل کا زبردست امتحان لیا اور شمال مشرقی ریاست میں مستقل قیام امن کو یقینی بنانے تجاویز پر گزشتہ دو سال سے کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ نارتھ ایسٹ سن نامی ایک رسالہ کو انٹرویو کے دوران موئیواہ کو بتایا کہ ہم یہ بات اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ سابقہ یو پی اے حکومت میں فیصلہ کن قیادت کا فقدان تھا ۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کا اشارہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی جانب ہے تو انہوں نے اثبات میں جواب دیا ۔ ا نہوں نے سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ وہ ایک اسمارٹ اور ذمہ دار شخص تھے جو اپنی میعاد کے دوران ناگا مسائل کی یکسوئی کے لئے بیحد سنجیدہ تھے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ پی چدمبرم کے جانشین سشیل کمار شنڈے نے این ایس سی این ( آئی ایم) قیادت سے ایک بار بھی ملاقات کرنا گورارہ نہیں کیا ۔ مسٹر اسحق چیشی سو سے یہ انٹرویو لوک سبھا انتخابات سے کچھ روز قبل ریکارڈ کیا گیا تھا ۔