نئی دہلی۔4اگست ( سیاست ڈاٹ کام) طلبہ کے شدید احتجاج کے بعد حکومت نے اپنا موقف تبدیل کردیا اور آج یہ اعلان کیا کہ سیول سروسیس پریملینری امتحان میں CSAT-II کے انگریزی نشانات کو میرٹ کیلئے شمار نہیں کیا جائے گا۔ طلبہ نے حکومت کے اس موقف پر بھی اطمینان کا اظہار نہیں کیا اور اپٹی ٹیوڈ ٹسٹ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ حکومت نے طلبہ کے شدید احتجاج کے بعد نئے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی دورہ نیپال سے واپسی کے بعد سینئر وزراء راجناتھ سنگھ ‘ارون جیٹلی اور دیگر نے اُن سے ملاقات کرتے ہوئے تازہ صورتحال کے بارے میں واقف کرایا ۔ راجناتھ سنگھ نے بعد ازاں ایک مختصر بیان میں کہا کہ سیول سروسیس امتحان 2011ء میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو 2015ء میں ایک اور موقع دیا جائے گا۔ آج پارلیمنٹ میں اس مسئلہ پر ہنگامہ آرائی دیکھی گئی ۔