نئی دہلی 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزارت اسٹیل میں سکریٹری ڈاکٹر ارونا شرما نے کہا ہے اگر آپ نے سول سروس کے لئے ذہن بنا لیا ہے تو تب تک کسی کی بات مت سنئے جب تک آپ سول سروس امتحان پاس نہیں کر لیتے ۔ ڈاکٹر شرما نئی دہلی کے نیشنل زولوجیکل پارک میں منعقد یو پی ایس سی کانکلیو -2018 میں آئی اے ایس امیدواروں سے خطاب کر رہی تھی۔ یو پی ایس سی کانکلیوکا عنوان’کیسے کریں سول پریکشا پاس’ تھا۔ سول سروس امتحان کے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شرما نے کہا کہ سخت محنت ہی اس امتحان کو پاس کرنے کی واحد کلید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کامیابی آپ کی محنت 99 فیصد اور قسمت محض ایک فیصد ہوتی ہے ۔ اترپردیش اسپیشل ٹاسک فورس کے انسپکٹر جنرل امیتابھ یش، وائلڈ پارک کی ڈائرکٹر رینو سنگھ، وزارت خزانہ کی انڈر سکریٹری میوشا گوئل، مظفرنگر کے چیف ڈیولپمنٹ افسر انکت اگروال اور منوج ٹبریوال آکاش نے بھی سول سروس امتحان کے امیدواروں سے خطاب کیا۔ انڈین پولیس سروس کے افسرامیتابھ یش نے امیدواروں کو ہر مضمون کے نوٹ بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا آپ کو حکومت کی پالیسیوں کی گہری معلومات ہونی چاہئے ۔ آپ کو مقررہ الفاظ کی حدکے اندر سوالات کے جواب دینے چاہئے ۔
انڈین پولیس سروس کے افسرانکت اگروال نے کہا آپ کو ہر مضمون کو ایک مقررہ وقت دینا چاہئے اور ایمانداری کے ساتھ اس پرعمل کرنا چاہئے ۔ روزانہ کم از کم دو اخبار ضرور پڑھنے چاہئے ۔ انٹرویو کے وقت آپ کو بے چین کرنے والے سوالوں پر گھبرانانہیں چاہئے بلکہ اس وقت صبر و تحمل برقرار رکھنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے ۔ انڈین ریونیو سروس کی افسر میوشا گوئل نے کہا کہ آپ کو سول سروس کے پہلے اٹیمپڈ کو آخری اٹیمپڈ کے طور پر لینا چاہئے اور اس کیلئے خودکو سو فیصد وقف کردینا چاہئے ۔ یوپی ایس سی کانکلیو میں سول سروس کے نوجوان امیدواروں کے ساتھ اپنے خیالات اور تجربات کو شیئر کرنے کے لئے مختلف سول سروسز کے افسران ایک پلیٹ فارم پر موجود تھے ۔