لکھنؤ: 9 مئی(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے پورانچل خطے میں چھٹے مرحلے کے تحت 12 مئی کو 14 پارلیمانی سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کے لئے 10 مئی بروز جمعہ کو شام پانچ بجے انتخابی مہم اختتام پذیر ہوجائے گی۔ اس مرحلے کے تحت پروانچل کی الہ آباد، سلطان پور اور اعظم گڑھ جیسی ہائی پروفائل پارلیمانی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے ۔اس مرحلے کے تحت ایس پی۔ بی ایس پی اور بی جے پی اتحاد کی جانب سے انتخابی تشہیر پورے شباب پر ہے اور یہ کوئی بھی کسر چھوڑنا نہیں چاہتے ۔ تاہم موسم کی تند مزاجی نے اس مرحلے میں بھی سیاسی پارٹیوں کے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔اس مرحلے کے تحت مرکزی وزیر مینکا گاندھی(سلطان پور)، سماج وادی سربراہ اکھلیش یادو(اعظم گڑھ)یو پی کابینی وزیر ریتا بہوگنا جوشی(الہ آباد) کی قسمتوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔بھوجپور اداکار دنیش لال یادو عرف نرہوا اعظم گڑھ سے اکھلیش یادو کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں وہیں کانگریس نے مرکزی وزیر مینکا گاندھی کے خلاف سلطان پور سے ڈاکٹر سنجے سنگھ کو انتخابی میدان میں اتار ا ہے ۔بی جے پی اس مرحلے میں بھی بڑے پیمانے پر اپنی انتخابی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ وزیر اعظم نریندرمودی، بی جے پی صدر امت شاہ،اترپردیش وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ متعدد مرکزی وزراء و سینئر لیڈروں نے اس مرحلے کی 14 سیٹوں کے لئے جم کا انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔