انقرہ ، 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے خبردار کیا ہے کہ اُن کی حکومت ملک میں یوٹیوب اور فیس بک پر پابندی عائد کر سکتی ہے۔ ایردوآن نے خانگی نشریاتی ادارہ ’اے ٹی وی‘ کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ رواں ماہ کے اختتام پر اس سلسلے میں اقدامات کئے جائیں گے۔ ترک لیڈر نے یہ بیان گزشتہ دنوں دو ایسی ریکارڈنگس کے یوٹیوب پر جاری کئے جانے کے تناظر میں دیا، جن کا تعلق اُن کی حکومت کے بعض ارکان کے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمے سے ہے۔ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ یہ ریکارڈنگس جعلی ہیں۔