یو جی سی سرکولر پر عمل نہ کرنے حکومت ٹاملناڈو کی ہدایت

چینائی 18 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو میں ہندی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت نے آج دو یونیورسٹیز کو یو جی سی سرکولر پر عمل نہ کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ پیشرو یو پی اے حکومت کا فیصلہ سب کے لئے قابل عمل نہیں ہے۔ چیف منسٹر جئے للیتا نے کہاکہ پیشرو حکومت نے ہندی کو نافذ کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔ اُنھوں نے بتایا کہ 2 اداروں انا یونیورسٹی اور الاگپا یونیورسٹی کو 16 سپٹمبر 2014 ء کو یہ سرکولر وصول ہوا کہ انڈر گریجویٹ کورسیس کے ساتھ ساتھ لاء اینڈ کامرس میں انگریزی کے ساتھ ساتھ ہندی ابتدائی زبان کے طور پر پڑھائی جائے۔ جئے للیتا نے کہاکہ یہ فیصلہ 28 جولائی 2011 ء کو اُس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ کی زیرصدارت کیندریہ ہندی سمیتی اجلاس میں کیا گیا تھا۔