یو اے ای کیساتھ تعلقات بڑھانے کی کوشش : ایم جے اکبر

دُبئی۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر اُمور خارجہ ایم جے اکبر نے کہا ہے کہ ہندوستان تیز رفتار علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے یو اے ای کے ساتھ اپنے مضبوط روابط کو مزید فروغ دینے کوشاں ہیں۔ یو اے ای سفیروں اور نمائندہ سفارت کاروں کے سربراہان کے 11 ویں فورم میں یہاں اپنے خطاب میں اکبر نے کہا کہ ہندوستان باہمی تعاون کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے جاری کردہ بیان میں اکبر نے کہا کہ باہمی ارتباط اور اِدراک کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی اور تیز رفتار بین الاقوامی تبدیلیوں سے درپیش چیلنجوں سے نمٹا جاسکے اور دستیاب مواقع میں سرمایہ کاری کی جاسکے۔ اس فورم کے دوران ایک خصوصی سیشن یو اے ای۔ انڈیا تعلقات اور بین الاقوامی تبدیلیوں کیلئے مخصوص کیا گیا۔ یہ سیشن یو اے ای سفیر برائے ہند احمد عبدالرحمن البنا نے چلایا۔