یو اے ای میں قانون انسداد عدم رواداری لاگو

دوبئی ۔ 20 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات نے آج نیا قانون جاری کردیا ہے جس کا مقصد عدم رواداری سے نمٹتے ہوئے ایسی حرکتوں کو غیرقانونی قرار دینا ہے جو مذہبی منافرت پیدا کرتے ہوں اور مذہبی یا نسلی پس منظر کی بنیاد پر امتیاز برتتے ہوں ۔ اس قانون کا نفاذ امارات اور تیل کی دولت سے مالا مال خلیج کی دیگر عرب مملکتوں میں عسکری انتہاپسندوں بالخصوص اسلامک اسٹیٹ گروپ کی بڑھتی طاقت پر پیدا ہونے والی تشویش کے درمیان ہوا ہے ۔ یہ قانون مذہب ، ذات پات ، نسل ، نظریہ ، رنگ یا نسلی تعلق کی بنیاد پر امتیاز کو ممنوع قرار دیتا ہے ۔ سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ قانون ایسے کسی بھی عمل کو جرم قرار دیتا ہے جو مذہبی منافرت کوبڑھاوا دے یا مذہب کی توہین کرے اور دیگر مذہبی گروپوں کو کفار قرار دینے والوں کو سزا دینے کی گنجائش فراہم کرتا ہے ۔