یو اے ای فیسٹیول میں ہندوستان اعزازی مہمان

دوبئی ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں ایک ماہ طویل چلنے والے ثقافتی فیسٹیول میں ہندوستان کو ایک ’’اعزازی مہمان‘‘ کا موقف حاصل رہے گا۔ خلیجی خطہ میں اس فیسٹیول کو اب تک کا فنون لطیفہ اور ثقافت کا سب سے بڑا فیسٹیول تصور کیاجارہا ہے جہاں زائد از 500 بین الاقوامی فنکار اور 40 کمپوزرس جن کا تعلق دنیا کے30 ممالک سے ہے، آئندہ سال مارچ میں منعقد شدنی فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔ نامور ہندوستانی فنکار بشمول موسیقار استاد امجد علی خان اور ڈانسر و کوریوگرافر گیلینر چوئن بھی فیسٹیول میں شریک ہوں گے۔ دریں اثناء متحدہ عرب امارات میں متعینہ ہندوستانی سفیر نودیپ سوری نے بتایا کہ ابوظہبی فیسٹیول کے 2018ء ایڈیشن کے لئے ہندوستان کو اعزازی مہمان کا موقف عطا کیا جانا قابل فخر بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی توقع کی جارہی ہیکہ مجوزہ فیسٹیول سے غیرہندوستانیوں کو ہندوستانی ثقافت اور ہندوستانیوں کو فیسٹیول میں شریک ہونے والے ممالک کی ثقافت سے محظوظ ہونے کا موقع ملے گا۔