نیویارک۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) رواں برس کھیلے جانے والے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے سنگلس زمرہ کوئی بھی ہندوستانی کھلاڑی موجود نہیں ہیں کیونکہ یو ایس اوپن کوالیفائر مقابلوں میں یوکی بھامری اور صنم سنگھ کو شکست ہوگئی ہے۔ یو کی گذشتہ 5 مہینوں سے زخموں کی وجہ سے ٹینس نہیں کھیل پا رہے تھے آج انہیں یو ایس کوالیفائنگ مقابلوں میں آئرلینڈ کے جیمس مائیک گی کے خلاف 7-5 ، 2-6 ، 5-7 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ دریں اثناء صنم سنگھ کو بھی پہلے سٹ میں کامیابی کے باوجود مقابلہ میں جرمنی کے اینڈریس بیک کے خلاف 2 گھنٹے 16 منٹ طویل مقابلہ میں 7-5، 6-7(3)، 3-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ علاوہ ازیں ہندوستان کے نمبر ایک کھلاڑی سمدیو دیورمن کو فبروری میں دہلی اوپن میں کامیابی کے بعد مسلسل جدوجہد کرتا دیکھا جارہا ہے اور وہ بھی اس ٹورنمنٹ کے پہلے ہی راونڈ میں شکست کے بعد یو ایس اوپن کے سنگلس مقابلوں میں رسائی سے محروم ہوچکے ہیں۔ یو کی کو مقابلہ میں اپنے حریف کھلاڑی کی سرویس توڑنے کے 13 مواقع دستیاب ہوئے جس میں وہ صرف 3 مرتبہ کامیاب ہوئے۔ دوسری جانب آئرلینڈ کے کھلاڑی نے یوکی کے خلاف ملنے والے 13 مواقع میں 5 مرتبہ کامیابی حاصل کی۔