یو ایس اوپن میں سرینا ، جوکووچ کی پیشرفت ، نشی کوری کا اخراج

نیو یارک ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )  ٹاپ رینک کی حامل سرینا ولیمس نے یو ایس اوپن میں کامیابی اور کیلنڈر گرانڈ سلام کی تکمیل کیلئے اپنی مہم شروع کردی جس کیلئے انھوں نے 86 ویں رینک کی حامل روسی ویتالیا دیاچینکو کو ہراکر اپنی متواتر 29 ویں گرانڈ سلام میچ فتح درج کرائی ۔ تین مرتبہ کی ڈیفنڈنگ چمپین کو آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 6-0، 2-0 کی کامیابی کیلئے محض 30 منٹ درکار ہوئے اور وہ فلشنگ میڈوز میں سکنڈ راؤنڈ میں داخل ہوگئیں۔ مینس سیکشن میں ٹاپ رینک کے نواک جوکووچ بھی بہ آسانی سکنڈ راؤنڈ میں پہونچ گئے لیکن جاپانی چوتھے سیڈ کائی نشی کوری اپنی گزشتہ سال کی رنراپ والی کارکردگی کا اعادہ نہیں کرسکے اور پہلے ہی مرحلہ میں خارج ہوگئے ۔ اس دوران آٹھویں سیڈ رفائل نڈال بھی دوسرے راؤنڈ میں پہونچ گئے جس کیلئے انھوں نے 18 سالہ حریف بورنا کورچ کو 6-3، 6-2 ، 4-6 ، 6-4 سے شکست دی ۔قبل ازیں سال کے چوتھے اور آخری گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کے پہلے ہی دن چوتھے سیڈ جاپانی نشی کوری کے علاوہ ویمنس سیکشن میں نمبر سات سیڈ سربیا کی اینا ایوانووچ بھی اپ سٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ دیگر میچز میں ڈیوڈ گوفن نے سائمن بولیلی،گریگور دیمتروف نے میتھیو ایبڈن اورمارڈی فش نے مارکو سیسیناٹو کو مات دے دی۔ ویمنز سنگلز ایونٹ میں سلواکیہ کی ڈومینیکا سیبلکووا نے سربیائی حریف ایوانووچ کو ہرا کر ایونٹ میں اپ سٹ کر دیا، ان کی جیت کا اسکور 6-3 ، 3-6اور 6-3 رہا۔ لورین ڈیوس نے ہیتھر واٹسن کا سفر پہلے ہی رائونڈ میں تمام کر دیا،اگنیسکا رڈوانسکا نے کیٹرینا سینیاکووا،ایکٹرینا ماکارووا نے ٹیلیانا پریرا ، مریانا ڈیوک مرینو نے صوفیہ کینن اورجیسیکا پیگیولا نے الیسن فان اٹوانک کی چھٹی کر دی۔