بقرعید اور دسہرہ کے پیش نظر ‘ ذبیحہ گاؤ کے سلسلہ میں سخت کارروائیوں کا مشورہ
لکھنؤ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے عید الاضحی اور دیگر تہواروں کے موقع پر حفاظتی بندوبست کے پختہ انتظامات کرنے کے سلسلے میں افسران کو ہدایات دی ہیں۔مسٹر یوگی نے کہا کہ عید کے موقع پر انتظامات کرنے کے ساتھ ہی ہر سطح پر تہوار کو پرامن طریقہ سے انجام دینے ، حفاظتی بندوست چاق و چوبند رکھنے اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ روایت کے برعکس کسی بھی کام کو کئے جانے کی منظوری نہ دی جائے ۔سرکاری ترجمان نے یہاں بتایا کہ وزیر اعلی نے ہفتے کی شام اپنی سرکاری رہائش گاہ پر عید الاضحی کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاست کے حکام کو ہدایات دی ہیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر سخت نظر رکھی جائے ، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ ہو۔انہوں نے حساس اضلاع اور مقامات میں پہلے سے تیاری اور کارروائی کئے جانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر تمام اضلاع میں غیر روایتی طور پر کھلے مقامات پر خاص طور مخلوط آبادی والے یا مذہبی مقامات میں کسی بھی قسم کے تنازعہ کے خدشات کو ہر حال میں روکا جائے ۔ جہاں تنازعہ کا خدشہ ہو، وہاں پر پہلے سے حفاظت کے بندوبست کو یقینی بنایا جائے ، تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ عیدالاضحی کے موقع پر نماز کے وقت، مندروں میں پوجا کے وقت گہری نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے ہدایات دی کہ جن جانوروں پر پابندی ہے اس سے متعلق خصوصی احتیاط برتتے ہوئے انہیں روکا جائے ، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔مسٹر یوگی نے عید الاضحی کے دوران پہلے جو واقعات پیش آئے ہیں ان کا جائزہ لینے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں صحت و صفائی کے خصوصی بندوبست اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔