یوگی سرکار کے نشانہ پر سرکاری ملازمین ، ۵۰؍ سال سے زائد عمر والوں کی اسکریننگ کافیصلہ

لکھنؤ : اتر پردیش کے سرکاری ملازمین کے لئے ایک بری خبر ہے ۔یوگی حکومت نے گروپ سی او رڈی ملازمین کا اسکریننگ ٹیسٹ کروانے کافیصلہ کیا ہے ۔اور اس عمل آوری کی جانب ایک اہم قدم بھی بڑھا دیا ہے ۔حکو مت کے اس فیصلہ کے بعد ریاست میں ۱۶؍ لاکھ سرکاری ملازمین کی اسکریننگ ہوگی جس میں ۲۵؍ ہزار سے زائد ملازمین کے متاثر ہونے کاخدشہ ہے ۔

ریاستی حکومت کے پرسنل ڈپارٹمنٹ نے مختلف محکموں کے پرنسپل سکریٹریز کو ایک خط لکھا ہے اوران سے کہا کہ ۵۰؍ سال سے زائد عمر کے گروپ سی او رڈی کے ملازمین کااسکریننگ ٹیسٹ کرائیں اور ۳۱؍ جولائی تک ہر حال میں ان کی رپورٹ بھیجیں ۔اس اسکریننگ کا مقصد کیا ہے ؟ حکومت کے اس فیصلہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس رپورٹ کی بنیاد پر تقریبا ۲۵؍ ہزار ملازمین کو جبراً ملازمت سے سبکدوشی دیا جاسکتا ہے ۔

اس خط سے تمام محکموں میں کھلبلی مچ گئی ہے اورملازمین میں خوف پیدا ہوگیا ہے ۔حالانکہ اس خوف پر قابو پانے کیلئے ملازمین نے لڑائی کا اعلان کیا ہے ۔ان کے یونینوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ یہ ایک تغلقی فرمان ہے جسے کسی بھی حال نافذ نہیں ہونے دیں گے خوا ہ اس کے لئے انہیں ایوان ، عدالت یا سڑک پر ہی کیوں نہ لڑنا پڑے ۔ان یونینیوں نے ایک ہنگا می اجلاس منعقد کی ہے جس میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔

دراصل یوگی حکومت نے جب اپنے ۱۰۰؍ دن کی رپورٹ پیش کی تھی تواس وقت یہ بات کہی گئی تھی کہ مختلف محکموں میں۵۰؍ سال سے زائد عمر کے ملازمین کارکردگی ٹھیک نہیں ہے ۔ان میں ڈسپلن کی سخت کمی ہے۔نئی ٹیکنالوجی سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔لہذا ان کی اسکریننگ کروائی جائے گی او رجو اس میں ناکام ہوگا ان کی چھٹی کردی جائے گی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ میں ناکام ملازمین کو تین مہینہ کانوٹس دیا جاسکتا ہے یا تین ماہ کی تنخواہ دے کی انہیں زبر دستی سبکدوش کیا جاسکتا ہے ۔