متھرا۔5دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کانگریس کے سینئر لیڈر پردیپ ماتھر نے آج کہاکہ بجلی کی شرحوں میں بڑے پیمانہ پر اضافہ کرکے ریاست کی آدتیہ ناتھ حکومت نے بھولی بھالی عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔متھر۔ورنداون کے سابق رکن اسمبلی مسٹر ماتھر نے کہاکہ کسانوں کے مفادات کی بڑی بڑی باتیں کرنے والی اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے کسانوں کو کم از کم ایک کلو واٹ کے کنکشن پر چارج 150روپے سے بڑھاکر 400روپے اور شہری بجلی صارفین کے لئے 4روپے چالیس پیسے سے بڑھاکر 6روپے 64پیسے فی یونٹ کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے اتنا بڑا اضافہ کرکے شہری لوگوں کے ساتھ ساتھ کسانوں سے دھوکہ کرکے انکی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے ۔یہ اضافہ اس وقت کیا گیا جب شہری بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ کی پولنگ ہوچکی تھی اور تمام اپوزیشن جماعتیں، شہری اور کسان بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا انتظار کررہے تھے حکومت نے چپکے سے اور نہایت ہوشیاری سے بجلی کی شرحوں میں اضافہ کا اعلان کردیا ۔ عوام کو دھوکہ دینے کا ریاستی حکومت کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔مسٹر ماتھر نے الزام لگایا کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت مکمل اکثریت حاصل ہونے کی وجہ سے تاناشاہی رویہ اختیار کررہی ہے ۔ انہوں نے کسانوں اور شہریوں کا مذاق اڑایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت نے اگر یہ اضافہ واپس نہیں لیا تو اس معاملہ پر عوامی تحریک چلائے گی۔