یوگی اور نائبین قانون ساز کونسل کے چنائو لڑیں گے

نئی دہلی۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ اور ان کے دو نائبین کیشوپرساد موریا اور دنیش شرما قانون ساز کونسل کے ضمنی انتخابات لڑیں گے، بی جے پی نے آج یہ اعلان کیا۔ بی جے پی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی نے سوتنترا دیو سنگھ اور محسن رضا جو دونوں ریاستی حکومت کے وزراء ہیں، انہیں بھی ان انتخابات میں پارٹی امیدوار منتخب کیا ہے۔ چوں کہ ان ضمنی چنائو میں یو پی کے ارکان اسمبلی ووٹ دینے والے ہیں، اس لیے تمام بی جے پی نامزد امیدواروں کی جیت عملاً یقینی ہے کیوں کہ پارٹی کو اسمبلی میں بھاری اکثریت حاصل ہے۔ ادتیہ ناتھ اور ان کے ڈپٹی چیف منسٹرس کو اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کے لیے اسمبلی یا کونسل دونوں ایوان میں سے کسی ایک کے لیے منتخب ہونا ضروری ہے۔ موجودہ طور پر ادتیہ ناتھ اور موریا ارکان لوک سبھا ہیں اور کونسل کے ضمنی چنائو میں جیت جانے پر مستعفی ہوجانے کا امکان ہے۔