یوگی ادتیہ ناتھ کے ہیلی کاپٹر کو مغربی بنگال میں اترنے نہیں دیاگیا۔ یوگی ادتیہ ناتھ زہر افشانی 

کلکتہ : اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی کی مغربی بنگال میں ہونے والی ریلی ممتا بنرجی حکومت نے اجازت نہیں دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاستی حکومت نے بغیر کسی سابقہ اطلاع کے ریلی کو اجازت دینے سے انکار کردیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے سیاسی مشیر مرتنجے کمار نے ممتا حکومت کو تانا شاہی حکومت قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیر اعلی یوگی جی کی مقبولیت کا اثر ہے ۔جو ممتا بنرجی نے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کی اجازت تک نہیں دی ۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال میں ۱۰۰؍ سے زیادہ ریلیاں کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اسی ضمن میں اتوار کو یوگی ادتیہ ناتھ کی بانکرو پرولیا میں ہونی تھیں ۔ اس کے علاوہ ۵؍ فروری کو رائے گنج اور دناج پور کے بالور گھاٹ میں ریلی سے خطاب کرنے کا پروگرام ہے ۔ اس سے قبل بھی بی جے پی قومی صدر امیت شاہ کے ہیلی کاپٹر کوبھی جھارگرام میں لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان جوابی حملہ مسلسل جاری ہے ۔

ہیلی کاپٹر روکے جانے سے برہم اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے ماحول میں فرقہ واریت کا زہر گھولنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ انہوں نے آج بالورگھاٹ میں ویڈیو کے ذریعہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام مخالف ممتا بنر جی حکومت کے گنے چنے دن رہ گئے ہیں او راس حکومت کا خاتمہ یقینی ہے ۔ یوگی نے کہا کہ کیا بنگال میں جمہوریت ہے ؟ کیا بنگال میں جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچ رہا ہے ۔ یوادتیہ ناتھ نے کہا کہ ترنمول کانگریس بی جے پی سے خوفزدہ ہے ۔ کیونکہ اسے معلوم ہے کہ عوام نے انہیں رد کردیا ہے او ر اس کے دن گنے چنے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں درگاپوجا کی اجازت نہیں ہے او ر یہ صرف مسلمانو ں کو خوش کرنے کے لئے کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے کہنے پر سرکاری افسران کام کررہے ہیں ۔