یوگی آدتیہ ناتھ پر پابندی عائد کی جائے

ضمنی انتخابات کے پیش نظر زہر افشانی : سماجوادی پارٹی کا مطالبہ
لکھنو ۔ یکم ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی نے آج الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ کے اتر پردیش میں گیارہ اسمبلی اور ایک لوک سبھا حلقہ کیلئے ہونے والے ضمنی انتخاب میں مہم چلانے پر پابندی عائد کردی جائے ۔ یہاں 13 ستمبر کو ووٹ ڈالے جانے والے ہیں۔ سماجوادی پارٹی ترجمان راجیندر چودھری نے کہا کہ ان کی پارٹی الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے خواہش کی ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ چونکہ چونکہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والی تقاریر کر رہے ہیں اس لئے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جانی چاہئے اور ان پر ضمنی انتخابات میں مہم چلانے پر امتناع عائد کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو فائدہ پہونچانے کیلئے یوگی آدتیہ ناتھ اس طرح کی اشتعال انگیزیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ آدتیہ ناتھ بہت زیادہ زہر افشانی کر رہے ہیں اس لئے ان کے انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے باضابطہ نمائندگی کی ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ کمیشن کیا کرتا ہے ۔ اگر کمیشن کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی تو ہم اپنی قیادت سے بات کرکے آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دینگے ۔ چیف منسٹر اکھیلیش یادو ان دنوں نیدرلینڈس کے دورہ پر ہیں۔