یوگی آدتیہ ناتھ ،حکومت کے 100دن مکمل ہونے پر مطمئن

لکھنو۔ 27جون (سیاست ڈاٹ کام) یوپی میںبی جے پی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر رپورٹ کارڈ جاری کرتے ہوئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اس مختصر مدت میں ان کی حکومت نے ریاست کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی کوشش کی ہے۔ انہوںنے کہا، ویسے تو 100 دن کی مدت بہت چھوٹا ہوتا ہے لیکن ان کی حکومت نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا۔ عوام نے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کیا۔ یوپی کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی کوشش کی ہے اور ریاست کی حکومت بغیر امتیاز کے کام کر رہی ہے۔ 19مارچ 2017 کو یوپی حکومت نے حلف لیا تھا۔ – انہوںنے کہا ہم نے مرکز کی حکومت کے ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘‘کی پیروی کی ہے۔ ہماری حکومت نے عام عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بلا تاخیر کارروائی شروع کی ہے۔ ہم نے انتظامیہ کی ذمہ داری کو یقینی بنایا ہے۔ یوگی نے کہا کہ سال 2017 کو دلت فلاح و بہبود سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ 24 جنوری کو یوم اترپردیش منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یوگی نے کہا کہ آج 100 دن مکمل ہونے پر بہت ہی سکون کا تجربہ ہو رہا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ان کی حکومت نے قرارداد اور وعدے کو پورا کرنے کا اہم فیصلہ کیا۔ پردیش کی بی جے پی حکومت ریاست کے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی انہوں نے بلا تاخیر مؤثر کارروائی شروع کی۔ کھانا، رہائش، پینے کے پانی وغیرہ کے لئے کام کئے گئے۔ روزگار، ترقی کی سمت میں اجتماعی کوششیں ہوئیں۔ اتنا ہی نہیں پہلی بار 24 جنوری کو یوم اتر پردیش کے طور پر جشن منانے کا فیصلہ ان کی حکومت میں لیا گیا ہے۔