یوگیندر یادو نئی پارٹی قائم کرینگے عوام کی رائے طلب

نئی دہلی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے ناراض لیڈر یوگیندر یادو نے آج اشارہ دیا ہیکہ وہ اپنے ساتھی باغی قائدین پرشانت بھوشن کے ساتھ مل کر ایک نئی سیاسی پارٹی قائم کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ انہوں نے سرگرم سیاست کو خیرباد کردینے کے امکان کو عملاً مسترد کردیا۔ نئی پارٹی کے قیام کیلئے عوام سے رائے طلب کی جارہی ہے۔ متبادل سیاسی قوت کے ساتھ ہم اپنے نظریہ پر کاربند رہیں گے۔ یوگیندر یادو نے کہا کہ وہ عام آدمی پارٹی سے اپنے اخراج کے خلاف قانونی کارروائی کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے اروند کجریوال زیرقیادت عام آدمی پارٹی پر تنقیدکی اور کہا کہ وہ اور بھوشن عوام سے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آیا انہیں پارٹی قائم کرنا چاہئے یا نہیں کیونکہ رشوت کے خلاف تحریک کا اخلاقی دیوالیہ نکل چکا ہے۔ اس لئے ہم انسداد رشوت ستانی مہم کو ایک نئی جان دینا چاہتے ہیں اور یہ عام آدمی پارٹی کا متبادل ہوگی۔