نئی دہلی ، 3 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوگیشور دت کے لندن اولمپکس برونز کا درجہ بڑھا کر سلور کئے جانے کے چند ہی روز میں اب ایسا لگتا ہے کہ اسٹار انڈین ریسلر کا میڈل گولڈ میں تبدیل ہوجائے گا کیونکہ چمپئن طغرل اصغروف بھی ممنوعہ مادہ کے ٹسٹ میں مثبت پائے گئے ہیں، آج ایک میڈیا رپورٹ نے یہ بات کہی۔ اس کے مطابق آذربائجان کے اصغروف جنھوں نے 2012ء لندن گیمز میں مینس 60kg فری اسٹائل کا گولڈ میڈل جیتا، پرفارمنس کو مصنوعی طور پر بڑھانے والے ممنوعہ مادوں کے استعمال سے متعلق ٹسٹ میں ناکام ہوئے ہیں۔ قبل ازیں روسی ایجنسی ’flowrestling.org‘ نے اطلاع دی تھی کہ چار مرتبہ کے ورلڈ چمپئن اور دو بار کے اولمپک میڈلسٹ روس کے بیسک کودوکھوف جو جنوبی روس میں 2013ء کے ایک کار حادثے میں ہلاک ہوئے، واڈا کے منعقدہ ٹسٹ میں ممنوعہ مادہ استعمال کرنے کے خاطی پائے گئے۔ 60kg کیٹگری میں گولڈ اور سلور جیتنے والے دونوں ریسلرز ممنوعہ مادوں کے ٹسٹ میں ناکام ہوجانے کی وجہ سے لندن میں اس زمرے کا برونز میڈل جیتنے والے یوگیشور گولڈ پانے کے قریب آگئے ہیں بشرطیکہ اُن کا نمونہ (ٹسٹ میں ) صاف ستھرا پایا جائے۔ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) نے اصغروف کا ٹسٹ مثبت ہونے کی باضابطہ اطلاع ابھی عالمی ادارہ ’یونائیٹیڈ ورلڈ ریسلنگ‘ (یو ڈبلیو ڈبلیو) کو نہیں دی ہے۔درحقیقت ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کو یوگیشور کی سلور میڈل ’اَپ گریڈنگ‘ کے بارے میں ہنوز باقاعدہ اطلاع کا انتظار ہے، نیز یو ڈبلیو ڈبلیو کی بھی اس ضمن میں تصدیق باقی ہے، کیونکہ یوگیشور کے نمونہ کی جانچ ہورہی ہے۔