نیویارک ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نامور کرکٹر یوراج سنگھ اپنے کینسر سے صحت یاب ہو چکے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق حال ہی میں ان کے والد یوگراج میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ اِن دنوں نیویارک کے ایک اسپتال میں داخل 66 سالہ یوگراج سرجری کے ذریعے ٹیومر ہٹانے کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یوگراج میں گلے کے کینسر کی تشخیص کچھ مہینے پہلے ہوئی تھی، جس کے بعد وہ نیو یارک کے ایک ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات استعمال کررہے تھے۔ تاہم جب ان کی
آواز خراب ہو گئی اور سانس کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تو ان کے اہل خانہ نے امریکہ میں سرجری کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر یوراج نے اسی اسپتال سے علاج کا مشورہ دیا جہاں انہوں نے کیموتھراپی کرائی تھی۔ تاہم ان کے والد نے ایک ماہر کی صلاح پر دوسرے اسپتال کا انتخاب کیا۔ ڈاکٹروں نے یوگراج کو کیموتھراپی کے بجائے ٹیومر ہٹانے کیلئے آپریشن کا مشورہ دیا۔ یوگراج کا آپریشن کامیاب رہا اور وہ اب امریکہ میں صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اُن کی بیوی شبنم اور یوراج مسلسل ان سے رابطے میں ہیں۔ یوگراج نے بالی ووڈ ایکٹر، ڈائریکٹر فرحان اختر کی مقبول فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں فرحان کے کوچ کا کردار ادا کیا تھا۔