نئی دہلی ، 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یوکی بھامبری نے آج ٹاپ 200 میں 15 ماہ بعد واپسی کرلی، جو اے ٹی پی تائیپی چیلنجر میں ٹھوس مظاہرے کی وجہ سے ممکن ہوا، جہاں انھوں نے سیمی فائنلس تک پہنچ کر تازہ درجہ بندی میں نمبر 186 تک چھلانگ لگائی ہے۔ رینکنگ میں 30 مقامات کی بہتری کے بعد یوکی اب ہندوستان کے نمبر ایک سومدیو دیورمن (173) سے صرف 13 مقامات پیچھے ہے، جو چار درجے پیچھے ہوگئے۔ اگر یوکی اس ہفتے ازبیکستان میں کرشی چیلنجر میں اچھا مظاہرہ پیش کرپائے تو انھیں ملک کا ٹاپ سنگلز کھلاڑی بننے کا اچھا موقع ہے۔ رام کمار رماناتھن اگلے بہترین ہندوستانی (226) ہے، اور کچھ فرق پر ساکت مائنینی (239) کا نمبر ہے۔ ڈبلز میں لینڈر پیس (23) بدستور اس ملک کے ٹاپ پلیئر ہیں۔ ان کے بعد روہن بوپنا دو مقامات بڑھ کر نمبر 24 پر ہے۔ ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں ثانیہ مرزا نے ڈبلز میں اپنا نمبر ایک مقام برقرار رکھا جبکہ انکیتا رائنا (235) سنگلز کی بہترین کھلاڑی ہے۔