یوکی بھامبری ڈیوس کپ سے باہر

نئی دہلی۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یوکی بھامبری نے جو اپنی کہنی کے زخم سے ہنوز پوری طرح ٹھیک نہیں ہوسکے ہیں ۔ جمہوریہ کوریا کے خلاف آئندہ مقابلہ سے دور رہنے کو ترجیح دی ہے جس کا مطلب یہ ہوگا کہ رام کمار راما ناتھن ہندوستان کیلئے ڈیوس کپ میں پہلی مرتبہ حصہ لیں گے۔ ایشیا ؍ اوشسانیا گروپ I کے سیکنڈ راؤنڈ ٹائی میں ہندوستان کا مقابلہ جمہوریہ کوریا سے ہوگا۔ اس مقابلے میں فاتح ٹیم ورلڈ گروپ پلے آف کیلئے پیشرفت کریں گی۔ یوکی بھامبری نے 2015ء میں انتہائی بہترین مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے 100 سرکردہ کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا، لیکن کہنی پر زخم کی وجہ سے وہ سیزن کے اختتام سے قبل مقابلوں سے باہر ہوگئے تھے۔ رواں سال بھامبری صرف سات ٹورنمنٹس کھیل کے دوران انہیں چار میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ ساکت مائیننی 15 تا 17 جولائی چندی گڑھ میں کھیلے جانے والے اس ٹائی میں ہندوستان کے واحد سرکردہ سنگلز کھلاڑی رہیں گے۔ سوم دیو دیوا رامن بھی پاؤں پر چوٹ کے سبب مکس مقابلوں سے باہر ہوچکے ہیں۔