یوپی کے کئی شہروں میں بی جے پی کارکنوں کے احتجاجی دھرنے، امیدواروں کے ناموں پر اعتراض

لکھنؤ ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی میں لوک سبھا کے امیدواروں کے معاملے میں پارٹی کی داخلی جنگ اب سڑکوں پر آ گئی ہے۔ پارٹی کے کارکنوں نے کانگریس چھوڑ کر آئے جگدمبیکا پال کے ڈومریا گنج پارلیمانی حلقہ سے ٹکٹ دینے، الہ آباد سے بی ایس پی چھوڑ کر آئے ریاستی وزیر نند گوپال نندی کو الیکشن لڑانے، دیوریا سے کلراج مشرا کو ٹکٹ دیئے جانے کے خلاف آج الہ آباد، ڈامریاگنج، دیوریا، کشی نگر، بھدرہی وغیرہ

میں کارکنوں نے پارٹی کی قیادت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی اور ان مقامات پر سڑکوں پر دھرنے دیئے۔ نیز پارٹی کے پتلے نذرآتش کئے۔ لکھنؤ پارلیمانی حلقہ سے اب کی مرتبہ پارٹی کے قومی صدر راجناتھ سنگھ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس حلقہ سے موجودہ ممبر پارلیمنٹ لال جی ٹنڈن کے ٹکٹ کاٹے جانے سے پارٹی کے کارکن کوئی بہت زیادہ خوش نہیں ہیں لیکن چونکہ لال جی ٹنڈن اس معاملے میں ابھی تک خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اس لئے ان کے وفادار پارٹی کے کارکن باوجود ناراضگی اور غصے کے خاموش ہیں۔ لال جی ٹنڈن اور راجناتھ سنگھ کے حامی پارٹی کے کارکنوں نے ہولی بھی الگ الگ منائی اور حتی الامکان ان دونوں کے حامی ہولی ملنے جلنے میں بھی الگ الگ دکھانی پڑی۔