یوپی کے ابتر نظم و نسق کی رپورٹ صدر کو روانہ کرنے گورنر سے مطالبہ ، وزارت عظمیٰ کی امیدواری کی تردید : اکھیلیش

لکھنؤ ؍ نئی دہلی ؍ یکم ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے یو پی کے گورنر پر زور دیا کہ وہ ریاست کی ابتر نظم و نسق کی صورتحال کے بارے میں صدرجمہوریہ کو اپنی رپورٹ روانہ کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی خواتین و لڑکیاں بی جے پی کے دوراقتدار میں محفوظ نہیں ہیں جسے نفرت اور انتقامی سیاست سے فرصت نہیں ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے عہدہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں بلکہ اپنی ریاست یو پی کی خدمت کیلئے خود کو وقف کرچکے ہیں۔ وہ قبل ازیں یو پی کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں اور کانگریس کے سچن پائلٹ اور لوک دل کے جینت چودھری کی مشترکہ تصنیف کی رسم اجراء تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے کبھی بھی ملک کا وزیراعظم بننے کی خواہش نہیں کی گئی کیونکہ وہ اپنی ریاست یوپی کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور ہر شخص ان کی اس خواہش سے واقف ہے۔ اکھیلیش یادو قبل ازیں یوپی کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ ان کا یہ بیان اس لئے اہمیت رکھتا ہے کیونکہ کئی اپوزیشن قائدین وزارت عظمیٰ کے عہدہ کا خواب دیکھ رہے ہیں۔